
گھوٹکی (نیوزڈیسک) صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی میں کچے کے ڈاکوؤں نے بس سے 19 مسافرون کو اغواء کرلیا، جن میں سے 10 کو بازیاب کرالیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گھوٹکی میں گڈوکشمور لنک روڈ پر پیش آیا جہاں صادق آباد سے کوئٹہ جانے والی بس کو اغواء کیا گیا، اس واقعے میں ڈاکوؤں نے اوباڑو کے قریب بس روک کر 19 افراد کو اغوا کرلیا، واقعے کے فوری بعد پولیس اور رینجرز نے مسافروں کو بازیاب کرانے کے لیے کارروائی شروع کی، جس کے نتیجے میں اب تک 10 افراد کو بازیاب کروا لیا گیا، واقعے کے دوران ایک مسافر کو دل کا دورہ پڑ گیا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گیا، جس کی شناخت کریم بخش بلیدی کے نام سے ہوئی، جاں بحق مسافر کی لاش گنے کی فصل سے برآمد ہوئی، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت کوچ میں سوار دیگر مسافر جان بچانے کے لیے کماد کے کھیتوں میں چھپ گئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آپریشن کے دوران کچے کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دیئے، جس کے باعث ڈاکو مغویوں کو کچے کی طرف لے جانے میں ناکام رہے، اس دوران پولیس اور رینجرز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 10 مغوی مسافروں کو بحفاظت بازیاب کروا کر محفوظ مقام پر پہنچادیا۔
بتایا گیا ہے کہ اغواء کیے جانے والے دیگر افراد کو بازیاب کرانے کے لیے آپریشن جاری ہے، علاقے میں ناکہ بندی اور ڈاکوؤں کے تعاقب کا سلسلہ جاری ہے، اس کارروائی میں ایس ایس پی خیرپور، ایس ایس پی سکھر اور ایس ایس پی گھوٹکی سمیت سکھر رینج کے اہلکار بھی شریک ہیں، پولیس مقابلے کے دوران چند ڈاکو زخمی بھی ہوئے، ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال بحال کی جائے۔
Comments